نئی دہلی،18؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا ) قومی دارالحکومت میں ایک کاروباری نے فلیٹ خریدنے کے لیے بچا کر رکھے 12لاکھ روپے قیمت کے پرانے نوٹ تبدیل نہ کر پانے کی وجہ سے جمعرات کو پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔پولیس نے یہ معلومات دی ہے ۔جنوبی دہلی میں خان پور کے راجوپارک میں کرایہ پر رہ رہے 25سالہ وریندر کمار باسویا کی لاش اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ملی ۔ایڈیشنل پولیس ڈپٹی کمشنر نوپور پرساد نے بتایاکہ کوئی سوسائڈ نوٹ نہیں ملا ہے، ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق، وریندر کی الیکٹرانک آلات کی دکان تھی اور وہ قرضے روپے بھی دیتا تھا۔وریندر کی حاملہ بیوی رونق نے بتایا کہ وریندر اپنا فلیٹ خریدنے کے لیے بچا بچا کر جمع کئے گئے 12لاکھ روپے قیمت کے بند ہو چکے پرانے نوٹوں کو نہ تبدی کروا پانے کی وجہ سے انتہائی تناؤ کا شکار تھا۔رونق نے کہا، وہ (وریندر)روز الگ الگ بینکوں میں جاتے تھے، لیکن کہیں بھی نوٹ تبدیل نہیں کئے جا سکے۔رونق نے بتایا کہ وریندر کچھ دنوں پہلے ایک شخص کے رابطے میں آیا تھا، جس نے 12لاکھ روپے تبدیل کروانے کے بدلے 4 لاکھ روپے کمیشن کا مطالبہ کیا تھا ۔رونق نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے ہی ہم نے اپنی شادی کی سالگرہ منائی تھی ، وہ مالویہ نگر میں جلد ہی اپنا فلیٹ خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جس کے لیے انہوں نے گزشتہ سال سے پیسے جمع کر رہے تھے۔